دبئی: متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پیر 3 اکتوبر2022 سے غیرملکیوں کیلئے ’گولڈن‘، ’ورچوئل‘ اور ’گرین‘ سمیت 10 اقسام کے اقاموں کا آغاز کیا ہے۔ الامارات الیوم کے مطابق وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹم اور پورٹس سکیورٹی نے کہا ہے کہ غیرملکیوں کیلئے دس اقسام کے اقاموں کا اجرا شروع کیا گیا ہے۔ ان کی مدت دو سے دس برس تک ہے۔ تمام اقامے قابل توسیع ہیں۔نئے اقامہ نظام میں سرمایہ کاروں، تاجروں، سائنسدانوں، ماہرین، ممتاز طلبہ، فلاحی خدمات، ڈاکٹروں اور زندگی کے تمام شعبوں کے ہنرمندوں کیلئے ویزوں اور اقاموں کی سہولت دی گئی ہے۔ویزا اور اقامے کی کارروائی کو مختصر اور آسان بنانے کے ساتھ سہولتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔