ابوظہبی : متحدہ عرب امارات میں شناختی کارڈ کے بجائے چہرے کی شناخت کی جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی تیاری جارہی ہے۔ نئے نظام کے تحت متحدہ عرب امارات کے رہائشی اور دیگر شہری حکومتی خدمات حاصل کرنے یا ایئرپورٹ پر محض اپنا چہرہ دکھا کر اپنی شناخت کروا سکیں گے۔ دبئی اور ابوظہبی کے ایئرپورٹس پہلے ہی دنیا کا بہترین نظام استعمال کرتے ہوئے چہرے کی شناخت کر رہے ہیں، جو مسافروں کے لیے سہولت اور وقت کی بچت کرتے ہیں۔ اماراتی وزیر صحت و تحفظ اور وزیر مملکت برائے فیڈرل نیشنل کونسل امور عبدالرحمٰن العویس نے بتایا کہ بائیومیٹرک نظام، جس میں چہرے کی شناخت اور فنگر پرنٹس شامل ہیں، امارات کی ڈیجیٹل حکمت عملی کا حصہ ہے۔ عبدالرحمٰن العویس کے مطابق نیا نظام آرٹیفیشل انٹیلیجنس (مصنوعی ذہانت ) کے ذریعہ کام کرے گا اور ایک سال کے اندر پورے ملک میں نافذ کیا جاسکتا ہے۔ متحدہ عرب امارات کا موجودہ شناختی ( ایمرٹس ) کارڈ تمام شہریوں اور رہائشیوں کے لیے لازمی ہے جو پہلے ہی جدید خصوصیات جیسے تھری ڈی تصاویر اور دس سال سے زائد سروس لائف رکھتا ہے۔ تاہم چہرے کی شناخت کا نیا نظام شناخت کو مزید آسان اور محفوظ بنائے گا، خاص طور پر اماراتی افراد کے لیے ووٹنگ اور تمام رہائشیوں کے لیے ایئرپورٹ پر اسمارٹ گیٹ کے ذریعہ داخلے کی فوری سہولت دیتا ہے۔ ابوظہبی اور دبئی کے ایئرپورٹس پر بائیومیٹرک نظام پہلے ہی مسافروں کی دستاویزات کے بغیر شناخت کرتا ہے۔ ابوظہبی کا زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا 2024 ’بائیومیٹرک اسمارٹ ٹریول‘ سسٹم مسافروں کی تصدیق حکومتی ڈیٹا کے ذریعہ کرتا ہے، جبکہ دبئی ایئرپورٹ کے ’اسمارٹ ٹنل‘ میں چند سیکنڈز میں پاسپورٹ کنٹرول مکمل کیا جا سکتا ہے۔ یہ نظام چہرے اور آنکھوں کی شناخت کے ذریعہ مسافروں کو تیز اور آسان سفر کا تجربہ فراہم کرتا ہے اور ایوی ایشن کے شعبہ میں نئی مثال قائم کررہا ہے۔