امارات میں کورونا مریضوں میں کمی

   

ابوظہبی : متحدہ عرب امارات میں گزشتہ کئی روز سے کورونا کے نئے کیسز کم ہورہے ہیں۔ دوسری جانب صحت یاب افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ تاہم یو اے ای میں بعض شدید متاثرہ ملکوں بشمول ہندوستان کے تارکین وطن کو امارات میں داخل ہونے کی اجازت دیدی ہے۔ امارات کے خبررساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق وزارت صحت نے بتایا ہے کہ جمعرات کو کورونا کے نئے کیسز 991 ریکارڈ پر آئے ہیں جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 13 ہزار 402 ہوگئی ہے۔ صحت یاب افراد 1576 رہے جس کے بعد کل تعداد 6 لاکھ 97 ہزار 419 ہوچکی ہے۔ وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناسے 3 اموات ہوئیں جس کے بعد کل تعداد 2 ہزار 31 ہوگئی ہے۔وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 3 لاکھ 6 ہزار 873 نئے ٹسٹ کیے گئے۔وزارت صحت نے ایک اور اعلامیہ میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا ویکسین کی 65 ہزار 999 نئی خوراکیں دی گئیں جبکہ اب تک ایک کروڑ 79 لاکھ 25 ہزار 65 کو ویکسین کی خوراکیں دی جاچکی ہیں۔