دبئی 22 مئی ( پی ٹی آئی ) بنگلہ دیش کی ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ وہاں اسے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنی ہے لیکن اس سے پہلے پاکستان سے تقریباً 2000 کلومیٹر کے فاصلے پر ان کے ساتھ پیش آنے والے ایک ناخوشگوار واقعے کی وجہ سے انہیں سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ پاکستان سے پہلے بنگلہ دیش کو متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ میزبان یو اے ای نے انہیں3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست دی ہے۔ یو اے ای نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔ سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 162 رنز بنائے۔ جواب میں متحدہ عرب امارات نے 163 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 5 گیندیں باقی رہ کر میچ جیت لیا۔ یو اے ای نے 19.1 اوورز میں 3 وکٹوں پر 166 رنز بنائے اور میچ 7 وکٹوں سے جیت لیا۔