امارات کا تیل کی پیداوار بڑھانے کا اعلان ،قیمتوں میں 12فیصد کمی

,

   

روس ۔یوکرین جنگ چھڑتے ہی تیل کی قیمتیں تاریخ کی مہنگی ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں

ابوظہبی : متحدہ عرب امارات نے تیل کی پیدوار بڑھانے کا اعلان کردیا،جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں 12فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت فی بیارل 120سے گر کر 112پر آگئی ہے۔ فینانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف عتیبہ نے اپنے بیان میں کہا کہ متحدہ عرب امارات تیل کی پیداوار بڑھانے کا حامی ہے۔اس سے قبل روس کے یوکرائن پر حملے کے بعد تیل کی قیمتوں میں 30فیصد اضافہ ہوا تھا اور تیل تاریخ کی مہنگی ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ یہ پہلا موقع ہے جب اس کی قیمت میں کمی سامنے آئی ہے۔ اس سے قبل امریکہ کی روسی تیل اور گیس کی درآمد پر مکمل پابندی کے بعد عالمی مارکٹ میں خام تیل کی قیمت کو پر لگ گئے تھے۔ برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت 120ڈالر فی بیارل سے زائد تک پہنچ گئی تھی امریکی صدر نے روسی تیل کی درآمد پر پابندی عائد کرتے ہوئے امریکیوں کو خبردار کیا تھا کہ ملک میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا۔مالیاتی ادارے جے پی مورگن کے مطابق روس کو سمندری تیل کی تقریباً 70 فیصد فروخت کے لئے خریدار تلاش کرنے میں چیلنج کا سامنا ہے۔