امارات کا عمان کے ساتھ زمینی سرحد کھولنے کا فیصلہ

   

دبئی : متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس کے اثرات کا مقابلہ کرکے کاروباری تسلسل کو یقینی بنانے اور ریکارڈ مدت میں نمو کو بحال کرنے کے لیے ایک منظم ردعمل کا منصوبہ تیار کیا ہے۔اس مقصد کے لیے نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹرز مینجمنٹ اتھارٹی، فیڈرل اتھارٹی برائے شناختی اینڈ سٹیزن شپ اور وزارت امور خارجہ اور بین الاقوامی تعاون نے پیر 16 نومبر 2020 سے ریاستی سطح پر زمینی راستوں کے ذریعے نقل و حرکت شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق ایک مشترکہ بیان میں تینوں اداروں نے بتایا کہ عمانی شہریوں کو زمینی راستوں کے ذریعے ملک میں داخل ہونے کے لیے پیشگی منظوری سے استثنیٰ حاصل ہے۔عمانی شہریوں کو پی سی آر کا منفی رزلٹ پیش کرنے کی ضرورت ہوگی بشرطیکہ یہ ٹیسٹ ان کے ملک میں تصدیق شدہ لیبارٹریوں سے کرایا گیا ہو اور یہ 48 گھنٹوں سے پرانا نہ ہو۔عمانی شہریوں پر لازم ہے کہ وہ آتے ہی سرحدی چوکیوں پر کوویڈ 19 ٹیسٹ کروائیں اور الحسن ایپلی کیشن انسٹال کرکے منظور شدہ پروٹوکول کے مطابق تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔