امارات کا چوتھا بحری جہاز غزہ کیلئے امدادی سامان لیکر روانہ

   

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے غزہ کے متاثرین کیلیے چوتھا بحری جہاز پیر کو فجیرہ سے مصری پورٹ العریش روانہ کردیا۔بحری جہاز پر 5 ہزار 340 ٹن امدادی سامان سے لدا ہوا ہے جو رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ بھیجا جائے گا۔ امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی ہدایت پرغزہ متاثرین کیلیے امدادی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اس بحری جہاز میں 4 ہزار 750 ٹن خوراک اور 590 ٹن شیلٹرز کا سامان موجود ہے۔یہ امدادی سامان 313 ٹرکوں کے ذریعے بحری جہاز پر لادا گیا ہے۔امارات ہلال احمر، زاید بن سلطان چیارٹیبل اینڈ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن اور خلیفہ بن زاید فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے۔امارات نے اس سے قبل تیسرا بحری جہاز جس پر ساڑھے چار ہزار ٹن امدادی سامان لدا تھا رمضان المبارک کی آمد پر بھیجا تھا تاکہ غزہ کے متاثرین کی ضروریات کو پورا کرنے میں کردار ادا کیا جا سکے۔ امارات نے پہلے بحری جہاز سے چار ہزار 16 ٹن اور دوسرے بحری جہاز کے ذریعہ چار ہزار 303 ٹن امدادی سامان غزہ کیلئے روانہ کیا تھا۔