امارات کی اپنے شہریوں سے بیرونی سفر نہ کرنے کی پھر اپیل

   

Ferty9 Clinic

ابوظہبی۔5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں صحت اور سماجی تحفظ کی وزارت نے شہریوں اور غیر ملکی مقیمین پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال کے پیشِ نظر سفر سے گریز کریں۔اماراتی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر سفر کر لیا گیا ہے تو بیرون ملک سے واپسی پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ہوائی اڈوں پر طبی معائنہ کی خصوصی ٹیمیں موجود ہیں۔ کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق تک اسے گھر میں طبی قید میں رکھا جائے گا۔ وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی صورت میں طبی مراکز میں مریض کو علحدہ اور لوگوں سے الگ تھلگ رکھا جائے گا۔ اس دوران دیگر افراد کے ساتھ اختلاط کی اجازت ہر گز نہیں ہو گی۔کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب عالمی ادارہ صحت کی جانب سے دنیا بھر میں ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد سے متحدہ عرب امارات نے عالمی معیار کے مطابق احتیاطی اقدامات کیے ہیں۔ اسی سلسلے میں کورونا وائرس سے متاثرہ پانچوں افراد کو بہترین طبی نگہداشت فراہم کرنے کے نتیجے میں تمام مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا کے پھیل جانے کے وقت سے ہی امارات میں صحت کے سیکٹر نے تمام مطلوبہ اقدامات کو یقینی بنایا۔ مزید یہ کہ طبی لوازمات اور اعلی اہلیت رکھنے والے تربیت یافتہ طبی اہل کار فراہم کیے گئے۔ اس حوالے سے اہم ترین اقدامات میں حکومتی اور نجی سینکڑوں میں صحت کے مراکز اور طبی تنصیبات کے علاوہ دیگر سیکٹروں مثلا تعلیم اور سیاحت کے شعبوں میں کورونا وائرس سے متعلق میڈیکل گائیڈ کی فراہمی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کے تمام ہاسپٹلس میں طبی نگرانی میں رکھنے کے لیے الگ تھلگ کمروں کا انتظام اور امارات میں تمام فضائی ، زمینی اور سمندری سرحدی راستوں پر درجہ حرارت کا انکشاف کرنے والی مشینوں کی تنصیب بھی نمایاں ترین اقدام کورونا وائرس کے نمودار ہونے کے بعد سے متحدہ عرب امارات میں 30 ہزار سے زیادہ افراد کے معائنے ہو چکے ہیں۔ اس دوران مشتبہ افراد کو فوری طور پر علحدہ رکھا گیا یہاں تک کہ ان کے معائنے کے تفصیلی نتائج سامنے آ گئے۔امارات میں صحت کے سیکٹر تعاون کیلئے ملک کے دیگر سیکٹروں نے بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کیے۔ وزارت تعلیم نے موسم بہار کی تعطیلات کا اعلان کر دیا اور طلبہ کی صحت کو فوقتیت دیتے ہوئے فاصلاتی تعلیم کے طریقہ کار کو لاگو کیا۔ مزید برآں یہ واضح کیا گیا کہ جو طلبہ اور تعلیمی اداروں میں کام کرنے والے افراد بیرون ملک سفر سے آئیں ، ان پر لازم ہے کہ وہ اپنا مطلوبہ طبی معائنہ کرائیں اور 14 روز تک اپنے گھروں میں طبی قید کی مدت کو پورا کریں۔ اس طرح ان کے اس مرض سے متاثر نہ ہونے کی تصدیق ہو سکے گی۔ اس کے بغیر مذکورہ افراد کو تعلیمی اداروں میں داخل ہونے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔