امارات کی پاکستان کو دو ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے کی یقین دہانی

   

اسلام آباد : پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یو اے ای نے پاکستان کو دو ارب ڈالر قرض رول اوور کرنے سے متعلق آگاہ کیا ہے۔یہ بات وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اجلاس میں کابینہ نے ملکی مجموعی امن و امان اور معاشی صورتحال کا جائزہ لے لیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کی جانب سے 2 ارب امریکی ڈالرز کی ادائیگی، جو کہ اس سال جنوری میں واجب الادا تھی اسے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ ہماری معیشت کے لئے انتہائی خوش آئند ہے، یو اے ای کے صدر نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ریوینیو ڈویڑن کی سفارش پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے انفرااسٹرکچر کو پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) 2016 کے تحت کریٹیکل انفرااسٹرکچر قرار دینے کی منظوری دے دی۔ اس اقدام کا مقصد فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے انتہائی حساس ڈیٹا کو سائبر حملوں جیسا کہ ہیکنگ اور کسی بھی غیرقانونی مداخلت سے بچانا ہے۔ اس اقدام سے ایف بی آر کا حساس ڈیٹا مزید محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔