امارات کی یوکرینی پناہ گزینوں کیلئے خوراک و طبی امداد

   

ابوظہبی : متحدہ عرب امارات نے یوکرینی پناہ گزینوں کی مدد کے لیے 27 ٹن خوراک اور طبی سامان کے ساتھ ایک طیارہ پولینڈ بھیجا ہے۔عرب نیوز کے مطابق امارات کی سرکاری نیوزایجنسی وام نے گذشتہ روز جمعہ کو ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ یہ اقدام انسانی ہمدردی کے تحت یوکرینی پناہ گزینوں کے لییمسلسل تعاون اور امداد کا حصہ ہے۔یوکرین میں امارات کے سفیر سلیم احمد الکعبی نے اس موقع پر بتایا ہے کہ یوکرین کے پناہ گزینوں کو انسانی بنیادوں پر ریلیف اور ضروری امداد فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات انسانی ہمدردی کے تحت دنیا بھر میں مصائب کے خاتمے میں مدد اور تعاون میں پیش پیش رہتا ہے اور یہ امداد اسی سلسلے کی کڑی ہے۔متحدہ عرب امارات نے یوکرین کے پڑوسی ممالک پولینڈ اور مالڈووا میں موجود یوکرینی پناہ گزینوں کے لیے امدادی سامان کے چھ طیارے بھیجے ہیں۔فروری میں یوکرینی تنازعہ شروع ہونے کے بعد سے اقوام متحدہ کی اپیل کے فوری جواب میں امارات نے 5 ملین ڈالر کے عطیہ کا اعلان کیا تھا۔