امام الحق لڑکیوں کو دھوکہ دینے کے اسکینڈل میں پھنس گئے

   

لاہور۔25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق می ٹو مہم کی زد میں آگئے اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق کپتان انضما م الحق کے بھتیجے اور اوپنر امام الحق کیخلاف گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر تصاویر اور واٹس ایپ پیغامات کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے اورلڑکیوں نے الزامات کی بھرمارکردی ہے۔کسی لڑکی نے محبت میں پھنسانے ،کسی نے گمراہ کرنے اور کسی نے شادی کا وعدہ کرکے مکرجانے کا الزام لگایاہے۔سوشل میڈ یا پر امام الحق کی طر ف سے لڑکیوں کو کئے گئے مبینہ متنازعہ پیغامات بھی شیئر کئے جارہے ہیں۔ ایک لڑکی نے کہا کہ وہ بہت سی متاثرہ لڑکیوں کی آواز بن کرسامنے آئی ہے اور اس کے پاس بتانے اوردکھانے کیلئے بہت کچھ ہے۔ ایک نیو ز ویب سائٹ کے مطابق امام الحق کا 7یا 8 لڑکیوں سے معاشقہ رہا ان میں سے 4 منظر عام پرآئی ہیں، اس چیٹ کے اسکرین شاٹس یقینی طور پر امام الحق کیلئے پریشانی کاسبب بنیں گے ۔ منظرعام پر آنے والی تمام ترچیٹ آخری 6 ماہ کے دوران کی گئی جس دوران کرکٹ کا ورلڈکپ بھی ہوا۔ ان سکرین شاٹس میں ایک میں امام الحق لڑکی کو بے بی کہہ کر پکار رہے ہیں اور اس کے متعلق معلومات حاصل کررہے ہیں۔ایک اور اسکرین شاٹ میں وہ لڑکی سے لڑائی کرتے ہوئے اس سے بریک اپ کررہے ہیں ۔ اس لڑکی نے کہاہے کہ امام الحق نے انہیں خاص طور پر نشانہ بنایا اور دھمکی دی کہ اس کے پاس میرے بہت سے تصویر اور ویڈیو ثبوت موجود ہیں۔ ایک لڑکی جس کے اسکرین شاٹس توموجود نہیں تاہم اس کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پرباقی 3 لڑکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاہے کہ میں جانتی ہوں کہ امام الحق ایک دھوکے باز شخص ہے۔ویب سائٹ کے مطابق یہ مسئلہ امام الحق کیلئے بہت سنگین ہے اور ہوسکتاہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھی اس کیخلاف کارروائی کرے جو اس کے کرکٹ کیریئر کیلئے انتہائی نقصان دہ ہوگا۔واضح رہے کہ امام الحق اس سے پہلے انتخاب کے حوالے سے بھی تنقید کے زد میں رہے جبکہ چیف سلیکٹران کے چاچا انضمام الحق کوبھی کئی مرتبہ ان کی ٹیم میں موجودگی کی وضاحت دینی پڑی تھی۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے امام الحق کیخلاف الزامات کا نوٹس لے لیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ پی سی بی ذرائع نے کہاہے کہ امام الحق سنٹرل کنٹریکٹ کا حصہ ہیں اس لئے ان کے ایسے کسی بھی معاملے سے پہلوتہی نہیں برتی جاسکتی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی امام الحق کو پرچی اور خود غرض کرکٹر کا لقب مل چکا ہے۔ امام الحق کو خودغرض کرکٹر کا لقب ان کی سست اندازکی بیٹنگ کی وجہ سے ملاہے جبکہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کا بھتیجا ہونے کے باعث ان پر پرچی کا لیبل بھی لگ چکا ہے۔