امام الحق کے بعد شاہین آفریدی بھی نشانے پرِ

   

کراچی۔27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کا سوشل میڈیا پر تماشہ بننے لگا ہے کیونکہ امام الحق کے بعد شاہین آفریدی بھی می ٹومہم کی زد میں آگئے اوران کی خانگی ویڈیو چیٹ کے اسکرین شاٹس بھی منظر عام پر آگئے ہیں لیکن جس ٹوئٹر آئی ڈی سے فاسٹ بولر شاہین آفریدی سے متعلق مواد سامنے لانے کا دعویٰ کیا گیا وہ چندگھنٹوں کے بعد ڈیلیٹ یا معطل کردی گئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز فریحہ نامی لڑکی نے اپنے ٹوئٹ میں شاہین آفریدی کو اگلی بڑی مچھلی قرار دیتے ہوئے انتباہ دیا کہ مستقبل قریب میں اس حوالے سے مزید ایکشن لیا جائیگا۔اپنے ٹوئٹ کیساتھ مذکورہ لڑکی نے ایک خانگی ویڈیو چیٹ کا اسکرین شاٹ بھی شائع کیا جس میں شاہین آفریدی کو منہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ لڑکی کا چہرہ پوشیدہ رکھا گیا۔ یاد رہے اس سے قبل آل راؤنڈر عماد وسیم پر بھی ایک افغانی لڑکی نے شادی کے وعدوں کے بعد مکر جانے کا الزام عائد کیا تھا۔ اوپنربیٹسمین امام الحق کی مختلف لڑکیوں کے ساتھ گفتگو کے اسکرین شاٹس کے منظر عام پر آنے سے سوشل میڈیا پر ہلچل مچی ہوئی ہے۔