امام الحق کے نام 21 ونڈے میں سب سے زیادہ رنز کا عالمی ریکارڈ

   

دبئی ۔ 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے پہلے 21 ونڈے میچوں میں زیادہ رنزا سکور کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔23سالہ امام الحق اب تک21 میچوں میں 60.55کی اوسط سے 1090رنز اسکور کرچکے ہیں ، جن میں 5 سنچریاں اور5 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ پہلے 21 ونڈے میں کسی بھی بیٹسمین کی جانب سے اسکور کئے گئے رنز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس سے قبل ان کے ساتھی اوپنر فخر زمان نے اپنے پہلے21میچوں میں 1089 رنزا سکور کیے تھے ، اس فہرست میں تیسرا نمبر ایک اور پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم کا ہے ۔ سابق انگلش بیٹسمین جوناتھن ٹروٹ 1028رنز کے ساتھ چوتھے ، جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کاک 1001 رنز کے ساتھ پانچویں اور لیجنڈری ویسٹ انڈین بیٹسمین سر ویوین رچرڈز994 رنز کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ علاوہ ازیں امام الحق نے جنوبی افریقہ کے خلاف 5 ونڈے میچوں کی سیریز میں 54.20کی اوسط سے271 رنز اسکور کر کے باہمی سریز میں اپنے ملک کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔