امام مکہ مسجد کی زیر التواء ایک سال کی تنخواہ جاری کردی گئی

   

ملازمت میں توسیع کی فائیل فینانس میں زیر التواء، مینٹننس فنڈ سے 2 لاکھ 17 ہزار کی اجرائی، ملازمین اور مصلیوں کا ’سیاست‘ سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کی زبوں حالی کے بارے میں روز نامہ ’ سیاست‘ مورخہ 16 جولائی کی رپورٹ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں پر اثر انداز ہوئی اور امام مکہ مسجد کی ایک سال کی تنخواہ جاری کردی گئی۔ روز نامہ ’سیاست‘ کی رپورٹ میں مکہ مسجد کے معاملات، ملازمین کی تنخواہوں اور تعمیری و تزئین نو کاموں سے حکام کی عدم دلچسپی کو بے نقاب کیا گیا تھا۔ مکہ مسجد کے امام مولانا محمد لطیف احمد کو تقریباً 16 ماہ سے تنخواہ جاری نہیں کی گئی اور نہ ہی خدمات میں توسیع کی فائیل پر دستخط کئے گئے۔ ’سیاست‘ میں رپورٹ کی اشاعت کے فوری بعد سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے اس بارے میں تفصیلات حاصل کیں اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے شخصی دلچسپی لیتے ہوئے مینٹننس فنڈ سے ایک سال کی تنخواہ کے طور پر 2,17,338 روپئے کا چیک امام مکہ مسجد کے نام جاری کیا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے سکریٹری کو بتایا کہ امام کی میعاد میں توسیع سے متعلق فائیل محکمہ فینانس میں زیر التواء ہے۔ اس وقت تک مینٹننس فنڈ سے تنخواہ جاری کی جاسکتی ہے۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر محمد قاسم اور سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے اس بارے میں محکمہ کو بارہا نوٹ روانہ کیا تھا۔ امام مکہ مسجد مولانا محمد لطیف احمد شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ کو آج ایک سال کی تنخواہ پر مشتمل چیک حوالے کیا گیا۔ عہدیداروں نے کہا کہ عنقریب باقی تنخواہ بھی جاری کردی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ مئی تک تنخواہ کی اجرائی عمل میں آچکی ہے۔ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے محکمہ فینانس کے عہدیداروں کو فائیل کی یکسوئی کے بارے میں توجہ دلائی ہے جس کے بعد امام مکہ مسجد کی میعاد میں مزید تین سال کی توسیع ہوجائے گی۔ ایک سال کی تنخواہ کی اجرائی پر مکہ مسجد کے ملازمین اور مصلیوں نے روز نامہ ’سیاست‘ سے اظہار تشکرکیا جس کی رپورٹ کے اثر کے تحت محکمہ اقلیتی بہبود کو تنخواہ جاری کرنی پڑی۔ ملازمین نے کہا کہ ان کے دیگر دیرینہ حل طلب مسائل پر حکومت کو فوری توجہ دینی چاہیئے۔ تنخواہوں میں اضافہ کے علاوہ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی اجازت دی جانی چاہیئے۔مصلیوں نے رمضان المبارک کے آغاز تک مسجد کے تعمیری اور مرمتی کاموں کو مکمل کرنے کی اپیل کی ہے۔