امانت اللہ خان کو ضمانت بی جے پی اورای ڈی کے منہ پر طمانچہ ہے :سیسوڈیا

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر منیش سسوڈیا نے کہا کہ امانت اللہ خان کو ضمانت ملنا بی جے پی اور ای ڈی کے منہ پر ایک بڑا طمانچہ ہے ۔سیسوڈیا نے آج کہا کہ جس طرح عدالت نے امانت اللہ خان کو ضمانت دی ہے ، اس سے ایک بار پھر ثابت ہوگیا ہے کہ بی جے پی امانت اللہ کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرکے انہیں جیل بھیج رہی ہے اور ای ڈی کا غلط استعمال کررہی ہے ۔ اس سے یہ بھی ثابت ہو گیا ہے کہ بی جے پی کا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ وہ اروند کیجریوال اور ان کے ساتھیوں کے خلاف جھوٹے سی بی آئی اور ای ڈی کے مقدمات درج کر کے جیل میں ڈال دیں۔ انہیں الیکشن نہ لڑنے دیں، انہیں الیکشن نہ جیتنے دیں اور الیکشن میں پریشانی پیدا کریں۔ امانت اللہ خان کو اسی مقصد سے گرفتار کیا گیا لیکن جب تک ایشور ہمارا ساتھ ہے تو بی جے پی اور ای ڈی کی کیا حیثیت ہے ؟عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ امانت کو بھی آج رہا کر دیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ‘‘آپ’’ کے سبھی لیڈر باہرآگئے ۔ اگر کسی نے کچھ غلط کیا ہوتا تو وہ اب تک ان کی پارٹی میں چلا جاتا۔ تمام رہنما ایماندار اور بہادرہیں۔ دہلی ریاستی کوآرڈینیٹر گوپال رائے نے کہا کہ ایسا ہونا ہی تھا۔ بی جے پی انہیں جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر زیادہ دیر تک جیل میں نہیں رکھ سکتی۔آپ کے رہنما اور کابینہ کے وزیر عمران حسین نے کہا کہ بی جے پی کی تمام سازشیں ایک ایک کر کے ناکام ہو رہی ہیں۔عام آدمی پارٹی کے دیگر لیڈروں کی طرح امانت اللہ خان بھی بی جے پی کی سازشوں کو ناکام بنا کر جیل سے آزاد ہو رہے ہیں۔