حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی نے ریٹیلرس اسوسی ایشن اسکل کونسل آف انڈیا کے اشتراک سے جاب میلہ کا اہتمام کیا۔ اسٹائفنڈ کی بنیاد پر اپرینٹس شپ پروگرام سے وابستہ طلبہ کیلئے جاب میلہ منعقد کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر جی چکراپانی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر طالب علم کو اسکالرشپ پر مبنی تعلیم دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ میں اسکل ڈیولپمنٹ کیلئے کورسس متعارف کئے جائیں گے ۔ یونیورسٹی کے طلبہ کو اسٹائفنڈ کے تحت طلبہ کو کم از کم 7000 روپئے یا زیادہ سے زیادہ 24000 روپئے ماہانہ حاصل ہوسکتے ہیں۔ یونیورسٹی طلبہ کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ طلبہ کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے آئندہ بھی نامور اداروں کے ساتھ جاب میلہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت خواتین کو کامیاب صنعتکار بنانے کیلئے نئی اسکیمات شروع کر رہی ہے۔ امبیڈکر یونیورسٹی نے وی ہب کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی اور قبائلی طلبہ کیلئے مختصر مدتی ووکیشنل کورسس شروع کئے جائیں گے۔ سمیر نرسا پور ہیڈ اسٹانڈرڈس اینڈ کوالیٹی ایشورنس نے ممبئی سے آن لائین اس پروگرام میں شرکت کی ۔ شریمتی وی چندا جنرل مینجر انڈسٹری نے کہا کہ طلبہ کیلئے قابلیت کے اعتبار سے روزگار کے مواقع دستیاب ہے۔ پروفیسر جی پشپا چکراپانی ڈائرکٹر اکیڈیمکس ، ڈاکٹر وجئے کرشنا ریڈی رجسٹرار، پروفیسر رابیندرناتھ سولومن ، پروفیسر پلوی ، ڈاکٹر وینکٹیشورلو، پروفیسر وی سرینواس اور پروفیسر جی دیاکر نے شرکت کی۔1