امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب کیلئے حکومت کو 29 فروری تک مہلت

   

ہنمنت راؤ کا چیف سکریٹری سومیش کمار کو مکتوب، کل جماعتی اجلاس کے فیصلہ سے واقفیت
حیدرآباد ۔24۔ فروری (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی پنجہ گٹہ چوراہے پر تنصیب کے اقدامات کی اپیل کی ۔ انہوں نے پولیس کی جانب سے مجسمہ کو تحویل میں لینے کی شکایت کی اور چیف سکریٹری سے درخواست کی کہ وہ مجسمہ واپس کرنے اور کسی تاخیر کے بغیر اسے نصب کرتے ہوئے کمزور طبقات کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ مکتوب میں بتایا گیا کہ امبیڈکر جینتی کے موقع پر گزشتہ سال 11 اپریل کو پنجہ گٹہ چوراہے پر مجسمہ نصب کرنے کی اجازت طلب کی گئی ۔ 12 اپریل کو مجسمہ کی تنصیب پر کسی ننے اعتراض نہیں کیا گیا بعد میں جی ایچ ایم سی ڈمپنگ یارڈ جواہر نگر میں مجسمہ کو پھینک دیا گیا۔ اس طرح بھارت رتن ڈاکٹر امبیڈکر کی توہین کی گئی ۔ مجسمہ کی توہین کے خلاف احتجاج پر قائدین کو حراست میں لیا گیا اور مقدمات درج کئے گئے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ شہر میں وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے کئی مجسمے ہیں۔ کیا ان تمام کیلئے حکومت سے اجازت حاصل کی گئی ؟ پھر کیوں امبیڈکر مجسمہ کے لئے اجازت کی شرط رکھی گئی ہے۔ امبیڈکر کی توہین دراصل دستور ہند کی توہین ہے جس کی دفعہ 3 کے تحت علحدہ تلنگانہ ریاست کا قیام عمل میں آیا۔ ہنمنت راؤ نے اس مسئلہ پر منعقدہ اجلاس کے فیصلوں سے واقف کرایا اور کہا کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک اگر مجسمہ نصب نہیں کیا گیا تو 2 مارچ کو کل جماعتی ایجی ٹیشن شروع کیا جائے گا۔