امبیڈکر نگر کی تمام سیٹوں پر سماجوادی پارٹی کی جیت

   

نومنتخب اراکین اسمبلی کی اکھلیش یادو سے ملاقات

لکھنو: اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں ضلع امبیڈکر نگر کی سبھی پانچ سیٹیں جیتنے کا کرشمہ کرنے والے سماج وادی پارٹی کے اراکین اسمبلی نے اتوار کو پارٹی صدر اکھلیش یادو سے ملاقات کی۔ پارٹی کے ریاستی دفتر میں یادو سے ملاقات کرنے والوں میں لال جی ورما، رام مورتی ورما، تربھون دت، راکیش پانڈے اور رام اچل راج بھر شامل ہیں۔ اس موقع پر پارٹی صدر نے سبھی اراکین کو مبارک باد دیتے ہوئے امبیڈکر نگر کے عوام کے تئیں اظہار تشکرکیا۔قابل ذکر ہے کہ ایس پی نے اس سے پہلے سال 2012 کے اسمبلی انتخابات میں ضلع کی پانچوں سیٹوں پر جیت درج کی تھی وہیں سال 1993 اور سال 2007 میں بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) نے ضلع میں کلین سویپ کیا تھا۔ ٹانڈا سے سابق وزیر رام مورتی ورما، اکبر پور سے سابق وزیر رام اچل راج بھر، کٹیہری سے سابق وزیر لال جی ورما، جلالپور سے سابق ایم پی راکیش پانڈے و اعلی پور سے سابق ایم پی تربھون دت نے جیت کا پرچم لہرایا ہے۔الیکشن سے قبل بی ایس پی سے نکالے جانے پر لال جی ورما اور رام اچل راج بھر نے ایس پی کی رکنیت حاصل کی تھی۔ ایک زمانے میں امبیڈکر نگر کو بی ایس پی کے قلعہ کے طور پر جانا جاتا تھا لیکن اس الیکشن میں بی ایس پی کو صرف مایوسی ہاتھ آئی ہے۔