امبیڈکر یونیورسٹی کی اراضی فائن آرٹس یونیورسٹی کو الاٹ کرنے کی مخالفت

   

ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کا احتجاجی دھرنا
حیدرآباد ۔3۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کی 10 ایکر اراضی جواہر لال نہرو فائن آرٹس یونیورسٹی کو الاٹ کرنے کے خلاف یونیورسٹی میں احتجاج شدت اختیار کرچکا ہے۔ یونیورسٹی کے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے علاوہ طلبہ کی جانب سے حکومت کے اس فیصلہ کی مخالفت کی جارہی ہے۔ یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریٹیو بلاک کے روبرو احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا ۔ حکومت فائن آرٹس یونیورسٹی کو امبیڈکر یونیورسٹی کے احاطہ میں منتقل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ احتجاجیوں نے اراضی الاٹمنٹ کے فیصلہ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں کیلئے پہلے ہی کافی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ یونیورسٹی میں کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی تعلیم کا انتظام ہے اور یونیورسٹی کی اراضی پہلے بھی دیگر اداروں کو الاٹ کی جاچکی ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر ایس وینکٹیشورلو کی قیادت میں احتجاج منظم کیا گیا۔ احتجاجیوں نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ ملازمین کی جے اے سی نے احتجاج کی تائید کی۔ ان کا کہنا ہے کہ اراضی کے الاٹمنٹ سے امبیڈکر یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔ ملازمین اور ٹیکنیکل اسٹاف نے آنے والے دنوں میں احتجاج میں شدت کا فیصلہ کیا ہے۔ 1