امتحانی پرچوں کے افشاء میں کے سی آر حکومت کی مشکلات

   

کانگریس و بی جے پی کا یکساں حملہ، اضلاع میں بیروزگار نوجوانوں کے جلسوں کا فیصلہ
حیدرآباد۔21۔اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچہ جات کے افشاء معاملہ میں کانگریس اور بی جے پی نے حکومت کو گھیرنے کی تیاری کرلی ہے۔ پہلی مرتبہ بی آر ایس حکومت دفاعی موقف میں نظر آرہی ہے اور پرچہ جات کے افشاء معاملہ میں حکومت کے اہم ذمہ دار خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں جس کے نتیجہ میں اپوزیشن کو تنقید کا بھرپور موقع حاصل ہوا ہے۔ بی جے پی اور کانگریس نے کے سی آر حکومت کے خلاف بیروزگار نوجوانوں کے ذریعہ بڑے پیمانہ پر مہم کی تیاری کرلی ہے۔ دونوں پارٹیوں کی جانب سے جاریہ ماہ بیروزگار نوجوانوں کے جلسہ عام اورریالیاں منظم کی جارہی ہیں۔ بی جے پی نے 25 اپریل کو متحدہ محبوب نگر ضلع میں بیروزگاری مارچ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے کہا کہ پرچہ جات کے افشاء معاملہ میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کے استعفیٰ تک بی جے پی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ بی جے پی کی مرکزی قیادت نے پبلک سرویس کمیشن میں دھاندلیوں کے خلاف ریاستی یونٹ کو جدوجہد کی ہدایت دی ہے۔ مبصرین کا ماننا ہے کہ بی جے پی نے مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے جوابی کارروائی کی منصوبہ بندی کی ہے۔ وشاکھاپٹنم اسٹیل پلانٹ کو خانگیانے کے مسئلہ پر مرکز کو گھیرنے کی کوشش کی جائے گی۔ کانگریس نے 24 اپریل تا یکم مئی کھمم ، عادل آباد ، نلگنڈہ ، محبوب نگر اور رنگا ریڈی میں بیروزگار نوجوانوں کے جلسوں کا اعلان کیا ہے ۔ضلع کانگریس کمیٹیوں کو بڑے پیمانہ پر ریالیوں کے انعقاد کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسمبلی انتخابات سے قبل امتحانی پرچہ جات کے افشاء معاملہ پر کے سی آر حکومت کو اپوزیشن کی تنقیدوں کا سامنا ہے۔ مختلف یونیورسٹیز میں طلبہ کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ر