امتحان میں شرکت کیلئے جانے والا طالب علم سڑک حادثہ میں ہلاک

   

حیدرآباد۔/18 مارچ، ( سیاست نیوز) ضلع کھمم میں امتحان میں شرکت کیلئے جانے والے ایک طالب علم کی سڑک حادثہ میں ہلاک ہوجانے کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ سڑک حادثہ کا واقعہ ضلع کھمم کے کامے پلی منڈل بنڈی پاڈو کے قریب پیش آیا۔ محبوب آباد ضلع ڈورنکل سے تعلق رکھنے والا ایم ویویک 16 سال اور گارلا منڈل کے رام پور سے تعلق رکھنے والے وی لینن کھمم میں انٹر میڈیٹ سال اول کے طلباء ہیں اور فی الوقت انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات (سال اول کے امتحانات ) جاری رہنے کے پیش نظر گزشتہ دن آخری امتحان رہنے کے باعث امتحان میں شرکت کرنے کیلئے دونوں طلباء کھمم میں واقع امتحانی مرکز کیلئے موٹر سائیکل پرروانہ ہوئے اور اسی دوران کامے پلی منڈل بنڈی پاڈو کے مقام پر موٹر سائیکل بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے پائے جانے والے ایک بڑے گڑھے میں گرگئی جس کے نتیجہ میں دونوں ہی طلباء کو زبردست زخم آئے اور مقامی افراد نے پیش آئے واقعہ پر فوری طور پر 108 ایمبولینس کو طلب کرکے دواخانہ منتقل کررہے تھے کہ ویویک نامی طالب علم نے راستہ میں ہی دم توڑ دیا۔ جبکہ لینن کو دواخانہ میں شریک کیا گیا جہاں موثر علاج کیا جارہا ہے۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری مقام واقعہ پر پہنچ کر ضابطہ کی کارروائی کی۔