بھوپال : مدھیہ پردیش کے گورنر منگوبھائی پٹیل نے کہا ہے کہ ریزرویشن روسٹر کے کام کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے اور ڈیڈ لائن مقرر کرکے تمام کام مکمل کیے جائیں۔ پٹیل آج راج بھون میں پرنسپل سکریٹری ہائر ایجوکیشن انوپم راجن سے بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اعلی تعلیم کو تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سے روسٹر پر تبادلہ خیال کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے موثر حل جلد ازجلد ہونے چاہئیں ۔ اگر ضرورت ہو تو اس کام میں قانونی ماہرین سے مشورہ کریں۔ روسٹر کو حتمی شکل دینے کے بعد نئی آسامیوں کو پر کرنے کا عمل جلد شروع کیا جانا چاہئے ۔گورنر نے کہا کہ اس کو یقینی بنایا جائے کووڈ ۔19 کی ویکسین سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے تمام عملے کو دی جائے ۔ اسی طرح سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے طلباء کو بھی کم سے کم وقت میں کووڈ19- کے ویکسین لگائے جائیں اور اس کے لئے ضروری انتظامات کیے جائیں۔