امتناع کے باوجود حسین ساگر میں پی او پی مورتیوں کا وسرجن

   


سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل آوری کے لیے جی ایچ ایم سی اور پولیس کی مساعی
حیدرآباد۔6۔ستمبر۔(سیاست نیوز) ریاستی حکومت سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی مرتکببن رہی ہے کیونکہ سپریم کورٹ کی جانب سے حسین ساگر میں گنیش وسرجن پر عائد کی جانے والی پابندی اور پی او پی کے گنیش حسین ساگر میں وسرجن نہ کرنے کی ہدایت کے باوجود حسین ساگر میں ان مورتیوں کا وسرجن جاری ہے جو کہ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق ممنوعہ ہیں۔ ریاستی حکومت کے عہدیدارو ںکے مطابق حکومت اور پولیس کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو واضح ہدایات جاری کی جاچکی ہیں کہ وہ 10 فیٹ سے زیادہ اونچی اور پی او پی کی تیار کردہ گنیش کی مورتیوں کو حسین ساگر میں وسرجن کی اجازت نہ دیں لیکن اس کے باوجود روزانہ رات دیر گئے حسین ساگر میں مورتیوں کے وسرجن کا سلسلہ جاری ہے اور اس وسرجن کو روکنے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے پولیس کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے لیکن دوسری جانب وسرجن کیلئے حسین ساگر کٹہ اور نکلس روڈ جانے والی سڑک پر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ گنیش وسرجن کیلئے پہنچنے والی منڈلیوں کا کہناہے کہ اگر حسین ساگر میں پی او پی کی مورتیوں کا وسرجن ممنوع قرار دیا گیا ہے تو ایسی صورت میں مورتیوں کو حسین ساگر تک پہنچنے کیوں دیا جا رہاہے !جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کے مطابق حسین ساگر کے اطراف کئے جانے والے انتظامات دراصل ان مورتیوں کے وسرجن کیلئے کئے جا رہے ہیں جو مٹی سے تیار کی گئی ہیں اور 10 فیٹ سے کم ہیں لیکن اس کے باوجود بعض ایسی مورتیاں حسین ساگر تک پہنچ رہی ہیں جو پی او پی کی تیارکردہ ہیں اور 10 فیٹ سے زیادہ اونچی ہیںان مورتیوں کو وسرجن سے روکنے کی کوشش پر حالات کشیدہ ہونے لگے ہیں اسی لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد پولیس کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ پولیس کی مداخلت کے سبب پیدا ہونے والے مسائل پر عہدیداروں کا کہناہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل آوری کو یقینی بنانا مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ محکمہ پولیوشن کنٹرول بورڈ کی ذمہ داری ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ پولیوشن کنٹرول بورڈ اور حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے تاحال محکمہ پولیس کو اس سلسلہ میں کوئی مکتوب روانہ نہیں کیا گیا ہے لیکن آئندہ دو یوم کے دوران ان اداروں کی جانب سے بھی حسین ساگر میں ممنوعہ مورتیوں کے وسرجن کو روکنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔م