امت شاہ تاریخ نہیں جانتے :راہل گاندھی نے کسا طنز

   

نئى دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر داخلہ امت شاہ پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ انہیں تاریخ کا کوئی علم نہیں ہے اور پنڈت جواہر لال نہرو نے ملک کیلئے کیا کیا اس سے پوری طرح لاعلم ہیں۔مسٹر گاندھی نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ مودی حکومت کے مسائل سے سب کی توجہ ہٹانے کیلئے کبھی وہ پنڈت نہرو کے بارے میں بولیں گے اور کبھی کسی اور کے بارے میں اپنی لاعلمی کا اظہار کریں گے، تاکہ حقیقت پر پردہ ڈالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت نہرو نے ہندوستان کیلئے اپنی جان دی، وہ برسوں جیل میں رہے ۔ امت شاہ تاریخ سے ناواقف ہیں۔ میں ان سے تاریخ جاننے کی امید نہیں کر سکتا۔مسٹر گاندھی نے کہاکہ اصل مسئلہ ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کا ہے اور عوام کیلئے جو رقم مختص رقم کی گئی ہے وہ کسے مل رہی ہے۔ وہ اس معاملے سے بھاگنا چاہتے ہیں، اس لیے اس پر بات نہیں کرنا چاہتے لیکن ہم اس معاملے کو آگے بڑھائیں گے اور غریبوں کو ان کے حقوق ملنا یقینی بنائیں گے۔