ممبئی، 26 جولائی (یواین آئی) بالی ووڈ کی سوپر ہٹ فلم ’’شعلے‘‘کے رول’’گبر سنگھ‘‘ نے امجد خان کو فلم انڈسٹری میں مضبوط شناخت دلائی تھی ۔ اس فلم میں گبر سنگھ کے رول کے لئے پہلے ڈینی کا نام تجویز کیا گیاتھا۔فلم شعلے کی تیاری کے وقت گبر سنگھ والا کردار ڈینی کو دیا گیا تھا لیکن اس وقت فلم ”دھرماتما” میں کام کرنے کی وجہ سے انہوں نے شعلے میں کام کرنے سے انکار کر دیا۔ شعلے کے اسکرپٹ رائٹرسلیم خان کی سفارش پر رمیش سپی نے امجد خان کو گبر سنگھ کا کردار ادا کرنے کا موقع دیا۔امجد خان کی پیدائش 12 نومبر 1940 کو ہوئی تھی۔ ان کو اداکاری وراثت میں ملی تھی۔ ان کے والد جینت فلم انڈسٹری میں ویلن رہ چکے تھے ۔انہوں نے بطور اداکار اپنے کریئرکا آغاز 1957 کی فلم ”اب دہلی دور نہیں ”سے کیا تھا ۔ اس فلم میں انہوں نے چائلڈ اسٹار کاکردار اداکیاتھا۔فلم ‘شعلے ‘کی کامیابی سے امجد خان کے فلمی کیریئر میں زبردست تبدیلی آئی اور وہ منفی کردار کی دنیا کے بے تاج بادشاہ بن گئے ۔ اس کے بعد انہوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور اپنی بااثر اداکاری سے ناظرین کو مسحور نے لگے ۔27 جولائی 1992ء کو ان کا انتقال ہوگیا۔
سال 1977 کی فلم ‘شطرنج کے کھلاڑی’میں انہیں عظیم ڈائریکٹر ستیہ جیت رے کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم کے ذریعہ بھی انہوں نے ناظرین کے دل جیت لئے ۔اپنی اداکاری میں یکسانیت سے بچنے کے لئے امجد خان نے خود کو کریکٹرایکٹر کے طور پیش کیا اور 1980 میں ریلیز فیروز خان کی سوپر ہٹ فلم’قربانی’ میں اپنی مزاحیہ اداکاری سے شائقین کی بھرپور ستائش حاصل کی۔