امجد اللہ خاں خالد کی جانب سے دو ہزار راشن کٹس کی تقسیم

   

حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے غریب خاندانوں کا احاطہ ۔ مستقبل میں بھی ہر ممکن مدد کا تیقن
حیدرآباد 20 مارچ ( پریس نوٹ ) ماہ رمضان المبارک اور عیدالفطر کے موقع پر ضرورت مند اور غریب خاندانوں کی مدد کے طور پرترجمان مجلس بچاؤ تحریک جناب امجد اللہ خاں خالد کی جانب سے حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے تقریبا 2000 خاندانوں میں راشن کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ دارالامان چنچلگوڑہ پر ان راشن کٹس کی تقسیم کی گئی اور کرما گوڑہ : چھاؤنی ناد علی بیگ : باغ جہاں آراء ‘ شاہ کالونی ‘ چنچلگوڑہ ‘ کالا ڈیرہ ‘ اعظم پورہ ‘ دبیر پورہ ‘ کٹل گوڑہ ‘ موسی نگر ‘ کمل نگر اور اطراف کے علاقوں کے عوام نے اس سے استفادہ کیا اور راشن کٹس حاصل کئے ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جناب امجد اللہ خاں خالد نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ کوئی بھی غریب اور ضرورتمند خاندان بھوکا رہنے نہ پائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کوششیں اتحاد و یکجہتی اور مدد کے جذبہ کو فروغ دیتی ہیں۔ اس مقع پر ایم بی ٹی کے یوتھ قائدین ثاقب اللہ خاں ایڈوکیٹ ‘ عفان اللہ خان ایڈوکیٹ ‘ جناب عبدالرحمن اور دوسرے بھی موجود تھے ۔ اس کے علاوہ مقامی والینٹرس نے بھی راشن کٹس کی تقسیم میں حصہ لیا۔ استفادہ کنندگان نے اس بروقت مدد پر امجد اللہ خاں خالد سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ راشن کٹس کی فراہمی سے انہیں راحت ملے گی ۔ امجد اللہ خاں خالد نے اس طرح کی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے اور سماج کے پچھڑے ہوئے طبقات کی مستقبل میں بھی مدد کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔