معاشی مشکلات کا سامنا، حکومت سے فوری اجرائی کا مطالبہ
حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ یونائٹیڈ ٹیچرس فیڈریشن نے حکومت سے جنوری اور فروری کی تنخواہیں جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ امدادی تعلیمی اداروں کے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو گزشتہ دو ماہ سے تنخواہیں جاری نہیں کی گئی ۔ فیڈریشن نے الزام عائد کیا کہ بجٹ مختص کئے جانے کے باوجود تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں جبکہ محکمہ فینانس نے بلز کی منظوری دے دی ہے ۔ فیڈریشن کے صدر جنگیا اور جنرل سکریٹری روی نے کہا کہ زیادہ تر ٹیچرس جنوری اور فروری کی تنخواہوں کے منتظر ہیں جبکہ بعض ٹیچرس کو ڈسمبر کی تنخواہ بھی ادا نہیں کی گئی۔ انہوں نے شکایت کی کہ امدادی اسکولوں کا اسٹاف معاشی بحران کا شکار ہے اور تنخواہوں کے بغیر وہ گھر کے اخراجات کی تکمیل سے قاصر ہے ۔ حالیہ عرصہ میں اسٹاف نے پراویڈنٹ فنڈ اور دیگر سہولتوں سے استفادہ کرتے ہوئے اخراجات کی تکمیل کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ امدادی اسکولوں کے اسٹاف کی تنخواہوں کی اجرائی میں بعض تکنیکی دشواریاں ہیں۔ عہدیداروں نے اس معاملہ میں ضروری کارروائی کا تیقن دیا ۔