قاہرہ ۔ 12 اگست (ایجنسیز) مصر نے منگل کو غزہ کے لیے امداد کی 13ویں قافلہ “زاد العزہ” قاہرہ سے غزہ روانہ کیا۔ قافلے میں شامل ٹرک رفح کی ذیلی گیٹ سے کرم ابو سالم کے راستے غزہ کے جنوب مشرق پہنچیں گے جہاں اسرائیلی فورسز کی جانب سے ان کی تلاشی کے بعد سامان غزہ داخل کیا جائے گا۔قافلہ ہزاروں ٹن خوراک، آٹا، دالیں، تیار کھانے، طبی سامان، ذاتی نگہداشت کا سامان، بچوں کا دودھ اور پانی لے کر روانہ ہوا۔مصری ہلال احمر کے مطابق صرف پچھلے دو ہفتوں میں 2600 ٹرک امداد غزہ پہنچ چکی ہے۔ نئے قافلے میں 300 ٹرک شامل ہیں جن میں طبی، انسانی، غذائی امداد اور خیمے ہیں۔یہ امداد مصر اور اسرائیل کے درمیان امریکی نگرانی میں طے شدہ نئے نظام کے تحت رفح سے کرم ابو سالم اور زکیم کے راستے غزہ داخل ہو رہی ہے۔ہلال احمر کا کہنا ہے کہ بحران کے آغاز سے اب تک 35 ہزار ٹرک، پانچ لاکھ ٹن سے زائد امدادی سامان غزہ پہنچا ہے، جس میں خوراک، پانی، ادویات، طبی سازوسامان، پناہ گاہ کا سامان، بچوں کا دودھ، ڈائپرز، ایمبولینس اور ایندھن شامل ہیں۔مصری ہلال احمر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر آمال امام کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ امداد مصر نے بھیجی ہے، مگر اسرائیل امداد کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔