غزہ : غزہ پٹی میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ہفتہ کی صبح سے اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 104 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ان مرنے والوں میں سے 37 افراد وہ تھے جو امداد کے متلاشی تھے۔ وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ کئی متاثرین اب بھی ملبے اور سڑکوں پر موجود ہیں جہاں امدادی اور شہری دفاعی عملہ اب تک ان تک پہنچنے سے قاصر ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی جنگ میں ہلاکتوں کی تعداد 58,765 اور زخمیوں کی تعداد 140,485 تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنگی کشتیوں نے غزہ بحری بندرگاہ پر سمندر کے اندر ماہی گیروں پر شدید فائرنگ کی اور ان میں سے کئی کو گرفتار کر لیا۔ ادھر اسرائیلی فوج نے ہفتے کی دوپہر کو وسطی صوبے میں النصیرات پولیس کے ڈائریکٹر کرنل عمر سعید عقل کو ایک فضائی حملے میں مار دیا۔ غزہ پٹی کے وسط میں الزوائدہ قصبے میں ان کے گھر کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے کے نتیجے میں وہ اپنے خاندان کے 11 افراد کے ساتھ مارے گئے۔ اسی طرح ایک ڈرون نے خان یونس کے مغرب میں المواصی کے علاقے میں بے گھر ہونے والوں کے خیموں کو نشانہ بنایا۔ اس حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔ یہ اس وقت ہوا جب غزہ میں شہری دفاع نے جمعہ کو اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فائرنگ سے امداد کا انتظار کرنے والے 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ پٹی کے جنوب میں ایک ہسپتال کے ڈائریکٹر نے شدید غذائی قلت کا شکار بے گھر ہونے والوں کے غیر معمولی بہاؤ کی اطلاع دی۔ شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے کہا ہے کہ جمعہ کو اسرائیلی بمباری نے غزہ کے جنوب میں رفح شہر کے شمال مغرب میں الشاکوش کے علاقے میں امریکی امدادی تقسیم مرکز کے قریب نو افراد کو قتل کردیا۔ اس کے علاوہ محمود بصل نے ایک شخص کی ہلاکت اور آٹھ افراد کے زخمی ہونے کا بھی بتایا جو اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ہوئے تھے۔ غزہ سٹی کے جنوب میں نٹساریم محور کے قریب ایک امدادی تقسیم مرکز کے قریب جمع ہونے والے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔