مہلوکین کو ایکس گریشیا اور متاثرین کو امداد کا مطالبہ، کمشنر کو یادداشت کی پیشکشی
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میں بارش کی تباہ کاریوں سے نمٹنے میں حکومت اور جی ایچ ایم سی کی ناکامی کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج بلدیہ کے ہیڈ کوارٹر پر دھرنا منظم کیا۔ صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو ، اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون ، صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو ، نامپلی انچارج فیروز خاں اور صدرنشین پردیش کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے حکومت اور بلدیہ کے خلاف نعرے لگائے ۔ قائدین نے الزام عائد کیا کہ متاثرین کو امداد کی فراہمی میں حکومت اور بلدیہ ناکام ہوچکی ہے۔ شہر کی ترقی پر 68,000 کروڑ خرچ کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے لیکن بارش کے بعد یہ دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ شہر میں خرچ کی گئی رقم کی تفصیلات جاری کریں۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی وارننگ کے باوجود بلدی حکام احتیاطی تدابیر میں ناکام رہے جس کے سبب حیدرآباد میں بھاری جانی اور مالی نقصان ہوا۔ انہوں نے مہلوکین کے پسماندگان کو ایکس گریشیا اور مکانات اور سامان کے نقصان پر معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ کانگریس قائدین نے کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار کو یادداشت پیش کی۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد میں امدادی کاموں کے لئے حکومت کی جانب سے 5 کروڑ روپئے کے اعلان کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ مہلوکین کے ایکس گریشیا کی رقم میں اضافہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جانی اور مالی نقصانات کا تخمینہ کرنے کیلئے عہدیداروں کی ٹیم تشکیل دی جائے اور نقصانات کے مطابق حکومت فنڈس جاری کرے۔ اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون نے کہا کہ شہر کے کئی علاقوں میں ابھی تک بچاؤ اور راحت کے کام شروع نہیں کئے گئے ۔ کئی علاقے پانی میں محصور ہیں اور عوام بنیادی ضرورتوں کے لئے ترس رہے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے غذا اور ادویات کا انتظام کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور میڈیکل کیمپس کے قیام کا مطالبہ کیا۔ بلدی عہدیداروں اور بچاؤ راحت کے کاموں میں مصروف عہدیداروں کے ٹیلیفون نمبرات عوام کی سہولت کے لئے جاری کئے جائیں۔ کانگریس قائدین نے حیدرآباد میں انڈر گراؤنڈ ڈرینج سسٹم کو عصری بنانے کیلئے منصوبہ بندی کا مطالبہ کیا۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے تیقن دیا کہ متاثرین کو جلد از جلد ایکس گریشیا اور امداد فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے میڈیکل کیمپس کے قیام کا تیقن دیا۔