عہدیداروں میں تال میل پر زور ، کریم نگر میں اجلاس سے کلکٹر کا خطاب
کریم نگر۔/6 فبروری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کریم نگر میں 15 فروری کو منعقد کئے جانے والے امداد باہمی انجمنوں کے انتخابات کیلئے مؤثر انتظامات کی ضلع کلکٹر کریم نگر ششانک نے ہدایت دی۔ بروز چہارشنبہ کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں امداد باہمی انتخابات کے انتظامات کے متعلقہ امور پر عہدیداران کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقدکیاگیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اصولوں کے تابع انتخابات کا تندہی سے انعقاد عمل میں لایا جائے۔ سابقہ تجربہ اور فراہم کی گئی تربیت کی بنیاد پر تمام انتخابات کو کامیاب بنائیں۔ضلع میں 30 ابتدائی امداد باہمی انجمنوں کیلئے انتخابات عمل میں لائیں جائیں گے۔ جن میں 52 ہزار سے زائد رائے دہندگان شرکت کریں گے۔ہر امداد باہمی انجمن میں 13 حلقہ جات موجود ہیں۔ انتخابات کیلئے ضلع میں 30 مقامات کی نشاندہی کی گئی۔ ایک امیدوار کسی ایک انجمن سے پرچہ نامزدگی داخل کرسکتا ہے۔ پرچہ نامزدگی کے حصول کے بعد ازاں بیالٹ پیپر کی اشاعت کیلئے اقدامات کئے جائیں۔اشاعت سے قبل بیالٹ پیپر کا جائزہ لیا جائے۔ ماہ ڈسمبر میں شائع کردہ فہرست رائے دہندگان کی تصیح کی جائے۔ مراکز رائے دہی میں لائیٹنگ ، بیت الخلاء کی سہولت، پینے کیلئے پانی جیسے بنیادی سہولیات کی موجودگی کی تنقیح عمل میں لائی جائے۔ انتخابی عہدیداران ، سی ای او کے ذریعہ واٹس اپ گروپ کی تشکیل کرتے ہوئے جانکاری فراہم کی جائے۔انتخابی ساز و سامان کی منتقلی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ تمام عہدیداران سے آپسی تال میل کے ساتھ خدمات کی انجام دہی کی ضلع کلکٹر نے صلاح دی اور کہاکہ انتخابا ت کو شفافیت کیساتھ اور پر امن طور پر منعقد کیاجائے۔
