کانگریس کارکن مسعود احمد شدید زخمی، رکن اسمبلی و کارکنوں کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج
حیدرآباد : حلقہ اسمبلی نامپلی کے علاقہ احمد نگر ‘فرسٹ لانسر میں سیلاب متاثرین میں امداد کی تقسیم کے دوران کانگریس اور مجلسی کارکنوں میں جھڑپ ہوگئی جس میں کانگریس لیڈر مسعود احمدزخمی ہوگئے ۔ علاقہ کے متاثرہ افراد کو امداد نہ ملنے پر کانگریس میناریٹی لیڈر فیروز خان کی زونل کمشنر سے نمائندگی کے بعد 11 لاکھ روپئے کی امداد علاقہ میں تقسیم کرنے کیلئے پہنچے تھے ۔ مقامی رکن اسمبلی اور ان کے حامیوں نے وہاں پر پہنچ کر تقسیم کو روک دیا ۔ مسعوداحمد اور دیگر کانگریسی کارکنوں پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا گیا۔ شدید زخمی حالت میں مسعود احمد کو مقامی دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ فیروز خان نے اس واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے جاری 550کروڑ کی رقم کا مجلسی اور ٹی آر ایس کارکنوں نے غبن کرلیا ہے اور مستحق افراد کو یہ رقم نہیں پہنچ رہی ہے ۔ ٹی آر ایس اور مجلس کارکنوں نے اسکیم کو ہائی جیک کرلیا اور اپنے متعلقہ افراد کو ہی رقم دی جارہی ہے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ حلقہ کے متاثرین کو رقم فراہم نہیں کی گئی تو وہ متاثرین کے ساتھ پرگتی بھون پر دھرنا منظم کرینگے ۔ رکن اسمبلی جعفر حسین معراج اور دیگر مجلسی کارکنوں کیخلاف پولیس اسٹیشن ہمایوں نگر میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔