حیدرآباد:آندھراپردیش سی آئی ڈی کے عہدیداروں نے اے پی کے اپوزیشن لیڈر و تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرابابونائیڈوکو امراوتی اراضی گھپلہ معاملہ میں نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کو جانچ کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے ۔جانچ ایجنسی کی ٹیم منگل کو چندرابابو کی حیدرآباد میں واقع قیامگاہ پہنچی اور ان کو نوٹس دیتے ہوئے جانچ کے لئے حاضر ہونے کی ہدایت دی۔امراوتی کو دارالحکومت بنانے کے سلسلہ میں حاصل کردہ اراضیات میں مبینہ بے قاعدگیوں پرسی آئی ڈی نے مختلف دفعات کے تحت ایک ایف آئی آر درج کرلی۔سی آئی ڈی نے سابق وزیر نارائنا اور دیگر کو بھی نوٹس جاری کی۔چندرابابو اور دیگر سے خواہش کی گئی کہ وہ 23 مارچ کو پوچھ گچھ کیلئے وجئے واڑہ کے ستیہ نارائنا پورم میں حاضر ہوں۔منگل گری کے رکن اسمبلی اے راماکرشنا کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر کے مطابق نائیڈو کے ساتھیوں نے کسانوں کو دھمکایا اور ان کی اراضی غیرقانونی طور پرحاصل کی۔