امراوتی دارالحکومت رہے گا: چندرا بابو نائیڈو بھونیشوری کی توہین کو بھلا نہیں پاؤں گا

   

حیدرآباد۔/11 جون، ( سیاست نیوز) دارالحکومت کے انتخاب کے مسئلہ پر آندھرا پردیش میں جاری سیاسی تنازعہ کے درمیان صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو نے اعلان کیا کہ امراوتی آندھرا پردیش کا دارالحکومت رہے گا اور وشاکھاپٹنم ریاست کی معاشی راجدھانی رہے گی۔ تینوں حلیف پارٹیوں کے نومنتخب ارکان سے خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے سابق حکومت کی جانب سے تین علحدہ دارالحکومتوںکی مساعی کا ذکر کیا اور کہا کہ تلگودیشم کے وعدہ کے مطابق امراوتی ریاست کی دارالحکومت رہے گی جبکہ وشاکھاپٹنم کو معاشی دارالحکومت کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے امراوتی دارالحکومت کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ریاست کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت کا تعاون ضروری ہے۔ تلگودیشم عوام کا احسان چکانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سابق حکومت کے دور میں ان کے افراد خاندان کی توہین کی گئی۔ توہین کے سبب جو تکلیف پہنچی تھی اسے عوام نے کامیابی کے ذریعہ دور کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھونیشوری کے ساتھ توہین آمیز رویہ کو کبھی بھلا نہیں پائیں گے۔1