امراوتی میں ترقیاتی کام ٹھپ ، ریت کی لاریوں کی تقسیم پر اظہار تاسف

   

Ferty9 Clinic

چیف منسٹر جگن کی وزیر اعظم سے ملاقات ، وقت ضائع کرنے کے مترادف : چندرا بابو
حیدرآباد /7 اگست ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و سابق چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی وزیر اعظم سے ملاقات اور ان کے خلاف کی گئی شکایتوں پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور بتایا کہ کوئی چیف منسٹر وزیر اعظم سے ملاقات کرکے اپنی ریاست کو درپیش مختلف مسائل کی یکسوئی اور رقومات کی اجرائی کیلئے موثر نمائندگی کرتے ہیں لیکن جگن موہن ریڈی نے ریاست کی ترقی و رقومات کی اجرائی کے مقابلہ میں مسٹر چندرا بابو کے خلاف ہی شکایت کرنے میں اپنا قیمتی وقت ضائع کیا ۔ چندرا بابو نے آج پارٹی قائدین کے ساتھ ریاستی حکومت کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر پر الزام عائد کیا کہ تلگودیشم پر پائے جانے والے غصہ کے پیش نظر ہی امراوتی کی ترقی کو بالکلیہ طور پر نظر انداز کردیا ہے ۔ انہوں نے حکومت کے اس طرز عمل پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے تلگودیشم پارٹی پر ’’ ریت مافیا‘‘ کا الزام عائد کرکے غلط تشہیر کی تھی ۔ لیکن آج مسٹر جگن موہن ریڈی کی طرز کارکردگی کو دیکھنے پر حیرت ہو رہی ہے ۔ پارٹی قائدین ریت کی لاریوں کو تقسیم کرلینے میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے انتہائی سخت الفاظ میں کہا کہ سابق میں 20 سالہ تلگودیشم دور اقتدار میں اگر ہم وائی ایس آر حکومت کی طرح اقدامات کرتے ہوتے تو ان کا ( جگن موہن ریڈی جیسے قائدین کا ) وجود بھی برقرار نہ رہتا تھا ۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ان کی جدوجہد کبھی بھی کسی شخصی معاملہ پر نہیں کی گئی بلکہ مسائل کی بنیاد پر ہی جدوجہد کی گئی ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ پارٹی کی اس طرح شکست کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں چل سکا ۔ جبکہ صرف 23 نشستوں تک ہی محدود ہوجانے والی ایسی کوئی غلطیاں یا بے قاعدگیاں تلگودیشم حکومت میں نہیں ہوتی ہیں ۔