امراوتی کی ترقی کیلئے 15 ہزار کروڑ اور پولاورم پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل

   

مرکزی بجٹ میں نرملا سیتا رامن کے اعلانات، آندھرا کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی فنڈز کا تیقن
حیدرآباد۔/23 جولائی، ( سیاست نیوز) مرکزی بجٹ میں آندھرا پردیش کیلئے کئی اہم اعلانات کئے گئے ہیں۔ وزیر فینانس نرملا سیتا رامن نے دارالحکومت امراوتی کی ترقی کیلئے 15 ہزار کروڑ کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ پولاورم پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا گیا۔ نرملا سیتا رامن نے آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں آندھرا پردیش ریاست سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا تیقن دیا ہے۔ بجٹ 2024-25 میں نرملا سیتارامن نے امراوتی دارالحکومت کی ترقی میں مرکز سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ پولاورم پراجکٹ کی تکمیل کے علاوہ ریاست میں صنعتی راہداریوں کے قیام اور پسماندہ علاقوں کی ترقی میں تعاون کا تیقن دیا گیا۔ نرملا سیتا رامن نے کہا کہ مرکزی حکومت آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے تمام عہد پورا کرنے میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امراوتی کی ترقی کیلئے فی الفور 15 ہزار کروڑ منظور کئے جائیں گے اور آنے والے دنوں میں مزید رقم دی جائے گی۔ پولاورم پراجکٹ کی تکمیل کے علاوہ وشاکھاپٹنم تا چینائی صنعتی راہداری اور حیدرآباد تا بنگلور صنعتی راہداری کا اعلان کیا گیا۔ رائلسیما، پرکاشم اور شمالی ساحلی آندھرا کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی فنڈز کا وعدہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت پولاورم پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے عہد کی پابند ہے۔ واضح رہے کہ نریندر مودی حکومت نے آندھرا پردیش کو خصوصی موقف کا درجہ دینے کے بجائے اہم پراجکٹس کیلئے بھاری فنڈز منظور کئے ہیں۔ تنظیم جدید قانون کا حوالہ دے کر آندھرا پردیش کی مدد کی گئی لیکن تلنگانہ کو یکسر نظرانداز کردیا گیا۔1