امراوتی کے مندڈم علاقہ میں پھرکشیدگی

   

حیدرآباد۔ 20فروری (یو این آئی) ریاست کے تین دارالحکومتوں کی تجویز کے خلاف آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی کے کسانوں کا احتجاج 65ویں دن بھی جاری ہے ۔مندڈم ، ویلگا پوڑی، رائے پوڑی،کرشناپالیم علاقہ کے کسانوں،خواتین نے اپنا احتجاج جاری رکھا۔ گزشتہ روزکرشنیاپالیم علاقہ میں مکانات کے لئے اراضیات کا سروے کرنے کے لئے آنے والے عہدیداروں کو روکنے والے 426کسانوں کے خلاف پولیس نے دفعہ 7کے تحت معاملہ درج کرلیا۔پولیس کی اس کارروائی کے خلاف مندڈم علاقہ میں بھوک ہڑتالی کیمپ کے قریب کسانوں نے احتجاجی دھرنا دیاجس کے نتیجہ میں گاڑیوں کی آمد ورفت متاثر ہوئی۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے کسانوں کو وہاں سے ہٹانے کی کوشش کی تاہم پولیس اور احتجاجی کسانوں میں کافی بحث وتکرار ہوگئی۔کسانوں نے گزشتہ روز درج کردہ معاملات پر برہمی ظاہر کی۔پولیس اور کسانوں میں بحث وتکرار کے نتیجہ میں شاہراہ پر کشیدگی دیکھی گئی۔