حیدرآباد۔ تلگودیشم لیڈر چندرا بابو نائیڈو نے آج کہا کہ آندھرا پردیش حکومت کے طرز کارکردگی میں کوئی تبدیلی نہیں آ رہی ہے ۔ امراوتی میں کسانوں کا احتجاج 250 دن مکمل کرچکا ہے تاہم حکومت اپنے ہٹ دھرمی والے رویہ پر ہنوز قائم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اتنا طویل احتجاج غیر معمولی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی غیر معمولی بات ہے کہ حکومت احتجاجیوں کی تکالیف کا مداوا کرنے کیلئے آگے نہیں آ رہی ہے ۔ ہزاروں کارکنوں کو مقدمات درج کرتے ہوئے جیل بھیجا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امراوتی کے کسانوں نے اپنی جدوجہد میں جانوں کی قربانی بھی پیش کی ہے ۔ اب تک 85 زرعی مزدور ‘ کسان اور خواتین اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس حکومت نے خود انتخابات منعقد کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ 13 اضلاع کے عوام تین دارالحکومتوں کے فیصلے کو قبول کرنے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی امراوتی کو دارالحکومت تسلیم کرتا ہے لیکن حکومت اپنے ہٹ دھرمی والے رویہ پر قائم ہے اور وہ کسی بھی قیمت پر تین دارالحکومت قائم کرنا چاہتی ہے ۔