امرتسر کی تزئین نو پر 12 کروڑ خرچ کئے جائیں گے

   

امرتسر: پنجاب حکومت نے امرتسر کی تزئین نو اور ترقی کے لیے 12 کروڑ روپے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ جانکاری مقامی حکومت کے وزیر ڈاکٹر اندربیر سنگھ نجر نے منگل کو دی۔ ڈاکٹر نجر نے کہا کہ یہ اہم بجٹ مختلف وارڈوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے ساتھ ساتھ مختلف وارڈوں میں پارکوں کی خوبصورتی اور جدید کاری کی سہولت مہیا کرے گا۔ غورطلب ہے کہ امرتسر کے وارڈ نمبر33، 35، 37، 38، 40، 41، 62، 63 اور 66 میں 2.45 کروڑ کی لاگت سے لین کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جنوبی زون اور وسطی حلقہ (زون نمبر 4) میں سڑکوں کی مرمت اور دیکھ بھال پر 29.80 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے ۔ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے 1.52 کروڑ کے بجٹ سے جنوبی، وسطی اور شمالی علاقوں کے پارکوں کی پینٹنگ اور تزئین و آرائش کے منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ مختلف لین میں انٹر لاکنگ ٹائلز، سی سی پیچ ورک، صدرتھانہ سے مدر ٹریسا کے مجسمے تک سڑک کو چوڑا کرنے اور دیگر متعلقہ کاموں پر 7.55 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے ۔