امرتسر : امرتسر کے ڈی اے وی پبلک اسکول میں بم کی دھمکی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے ایک دن بعد پنجاب پولیس نے جمعرات کو نویں جماعت کے تین طالب علموں کو مبینہ طور پر افواہیں پھیلانے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔ چہارشنبہ کی شام واٹس ایپ پر دو پیغامات کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا ۔ ایک میں بم دھماکے کی دھمکی اور دوسرا اسکول میں فائرنگ کی دھمکی دی گئی تھی ۔ دونوں پوسٹوں پر پاکستان کا جھنڈا تھا اور دھمکی انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں تحریر تھی۔
اس کے فوراً بعد اسکول کی سیکورٹی بڑھا دی گئی اور کیمپس میں پنجاب پولیس کے کمانڈوز کو تعینات کر دیا گیا۔ پنجاب پولیس کی مختلف ٹیموں نے دھماکہ خیز مواد کے لیے احاطے کی تلاشی لی۔بعد ازاں ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ اسکول کے تین طلبہ نے یہ افواہ پھیلائی تھی۔ پولیس ان کے محرکات جاننے کے لیے ان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے ۔