امرناتھ یاترا:50ہزار یاتریوں کے قیام کیلئے انتظام

   

جموں،27جون(یو این آئی) جموں و کشمیر انتظامیہ نے رواں سال کی امرناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کے آرام دہ قیام کیلئے جموں خطے میں مختلف مقامات پر 50 ہزار سے زائد یاتریوں کی رہائش کا انتظام کیا ہے ۔ یاترا کا آغاز 3 جولائی سے ہونے جا رہا ہے اور اس کیلئے 106 لاجمنٹ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ڈویژنل کمشنر جموں، رمیش کمار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ انتظامات لکھن پور سے بانہال تک کے راستے میں کیے گئے ہیں تاکہ یاتریوں کو محفوظ، باوقار اور آرام دہ سہولیات میسر ہوں۔انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ، سانبہ، جموں، ادھم پور اور رام بن کے اضلاع کی ضلعی انتظامیہ نے ان مراکز کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے ، جہاں رضاکار تنظیموں کے اشتراک سے لنگر ،کمیونٹی کچن بھی قائم کیے گئے ہیں۔ڈویژنل کمشنر نے بتایا کہ یاترا کا آغاز 2 جولائی کو جموں سے ہوگا جہاں سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھگوتی نگر بیس کیمپ سے یاترا کو روانہ کریں گے ۔ کشمیر میں یاترا کا باضابطہ آغاز 3 جولائی کو ہوگا۔