’امرن‘ فلم کی نمائش کے دوران تھیٹر پر پٹرول بم سے حملہ

   

ترونیلویلی : دو نامعلوم بدمعاشوں نے ہفتہ کی صبح تاملناڈو کے جنوبی ضلع ترونیل ویلی کے میلاپالیم میں اداکار شیوکارتھیکیان کی اداکاری والی تمل فلم ‘امرن’ کی نمائش کے دوران تھیٹر میں تین پٹرول بم پھینکے ، تاہم یہ راحت کی بات رہی کہ اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ النکار سنیما ہال پر پھینکا گیا پٹرول بم داخلی دروازے پر پھٹ گیا۔ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تھیٹر کو کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا۔ قریبی عمارت سے برآمد ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس نے دو افراد کو پٹرول بم پھینکتے ہوئے اور تیزی سے موقع سے بھاگتے ہوئے دیکھا ۔پولیس کے اعلیٰ حکام نے جائے وقوعہ کا دورہ کر کے تفتیش شروع کر دی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر دونوں ملزمان کی شناخت کر کے ان کی گرفتاری کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ فلم میں مسلمانوں کی منفی اور ملک دشمن تصویر کشی کے خلاف سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا سمیت مسلم تنظیموں کے جاری احتجاج کے درمیان ’امرن‘ دکھائے جانے والے سنیما ہال پر پٹرول بم پھینکے جانے کا یہ پہلا واقعہ ہے ۔