نئی دہلی 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پارٹی نے آج اعلان کیا ہے کہ حلقہ لوک سبھا امروہہ سے اب راشد علوی کے بجائے سچن چترویدی مقابلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ راشد علوی نے پیر کے روز بتایا کہ وہ اپنی ذاتی وجوہات کے سبب انتخاب لڑنے سے قاصر ہیں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اُنھوں نے اپنے اِس فیصلے سے ہائی کمان کو آگاہ کیا ہے، اُنھوں نے کہاکہ ہاں وہ اپنی مجبوریوں سے صدر کانگریس کو آگاہ کردیا ہے۔ جس کے بعد کانگریس نے آج راشد علوی کی جگہ امروہہ سے سچن چترویدی کو کانگریسی امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ امروہہ سے حال ہی میں راشد علوی کو کانگریس نے اپنا امیدوار اعلان کیا تھا۔ اِس حلقہ سے حال ہی میں جنتادل (ایس) سے بی ایس پی میں شامل ہوئے کنور دانش علی بھی انتخابی مقابلہ کررہے ہیں۔