امریندراور کانگریس ارکان میں لفظی جنگ عروج پر

   

چنڈی گڑھ ۔ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ اور کانگریس کے لوگوں کے درمیان جاری لفظی جنگ نے ایک سیاسی ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے ، جس کے دور رس نتائج کیا ہوں گے ، یہ تو وقت ہی بتائے گا۔ ریاست میں کیپٹن سنگھ کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سے اختلافات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ کانگریس صدر نوجوت سدھو اور کیپٹن سنگھ کے درمیان شروع ہونے والا جھگڑا اب کیپٹن سنگھ کی پاکستان کی خاتون دوست تک پہنچ گیا ہے ۔ اب اس جھگڑے میں مسٹر سدھو کی اہلیہ نوجوت کور سدھو بھی کود پڑی ہیں۔ انہوں نے توآج وہ تصویر شیئر کی جس میں پنجاب پولیس کے سابق ڈائریکٹر جنرل دنکر گپتا اور سابق چیف سکریٹری ونی مہاجن کے درمیان گاڑی میں عروسہ عالم بیٹھی ہیں۔ انہوں نے یہاں تک کہ دیا کہ عروسہ عالم ہی پنجاب کی ڈی جی پی تھیں۔
کیپٹن سنگھ نے آج میڈیا ایڈوائزر کے ذریعے ایک ٹویٹ میں کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ سکھجندر رندھاوا آپ کہتے ہیں کہ عروسہ اور آئی ایس آئی تعلقات کی تحقیقات سے میں پریشان ہوگیا ہوں لیکن حقیقت یہ ہے کہ پریشان اور گمراہ توآپ لگ رہے ہیں۔ کیا آپ نے ان برسوں میں کسی معاملے پر مجھے پریشان دیکھا۔ اب آپ عروسہ عالم کے خلاف اور مبینہ تحقیقات پر اپنے ذہن کو پختہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک برگاڑی تحقیقات کاسوال ہے تو گروگرنتھ صاحب کی قسم کھاو کہ برگاڑی معاملے کی جانچ کے تعلق سے انکوائری افسر کنور وجے پرتاپ سنگھ اور رنبیر سنگھ کھٹرا کی تقرری آپ کی سفارش پرنہیں ہوئی تھی ۔ اس لئے میرے خلاف الزام تراشی میں پھنسنے کے بجائے اپنے کام ہر توجہ دو۔ الیکشن میں وقت کم ہے ۔