نئی دہلی: مرکز اور کسان قائدین کے مابین بات چیت سے قبل پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے ان کی رہائش پر ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ نے امیت شاہ سے نئے زرعی قوانین کے خلاف جاری احتجاج کو جلد ختم کرنے کے لئے حل نکالنے کو کہا۔ انہوں نے کسانوں سے بھی نئے زرعی قوانین کے حوالہ سے جمود کو ختم کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ یہ پنجاب کی معیشت اور قومی سلامتی کو متاثر کرنے والا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی کانگریس پارٹی کسان تحریک کو حمایت کر رہی ہے، پنجاب اسمبلی میں مرکز کے نئے زرعی قوانین کو غیر فعال بنانے کے لئے آرڈیننس بھی منظور کیے ہیں۔ امریندر سنگھ نے پہلے کہا تھا کہ وہ اور ان کی حکومت سبھی کے مفاد میں مرکز اور کسانوں کے مابین مفاہمت کے لئے تیار ہیں۔