امریندر سنگھ کی راہول گاندھی سے ملاقات

   

پنجاب میں عاپ کے ساتھ کسی انتخابی مفاہمت کی ضرورت نہیں، چیف منسٹر کا بیان
نئی دہلی 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پیر کو راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے ’’عدم موجود‘‘ عام آدمی پارٹی کے ساتھ کسی مفاہمت کی ضرورت کو مسترد کردیا لیکن کہاکہ مفاہمت سے متعلق فیصلہ ہائی کمان کی جانب سے کیا جائے گا۔ اس ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے امریندر سنگھ نے کہاکہ عام آدمی پارٹی کا پنجاب میں وجود نہیں ہے اور اس لئے کانگریس کو اس ریاست میں اروند کجریوال کی پارٹی کے ساتھ کسی انتخابی مفاہمت کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس ریاستی یونٹ نے اس نظریہ سے ہائی کمان کو واقف کروادیا ہے۔ تاہم اس موضوع پر راہول گاندھی کے ساتھ ہوئی آج کی ملاقات میں تبادلہ خیال نہیں کیا گیا۔ سنگھ نے سمجھا جاتا ہے کہ راہول کے ساتھ ریاستی حکومت کے مختلف اُمور اور مسائل اور آئندہ منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر پارٹی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ اُنھوں نے تین ریاستوں میں کانگریس کی کامیابی پر راہول گاندھی کو مبارکباد بھی پیش کی۔