نئی دہلی : سابق چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے آج کانگریس سے باضابطہ علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ پیش کردیا اور کانگریس کے علاوہ صدر پارٹی سونیا گاندھی کیساتھ اُن کے بیٹے اور بیٹی کے خلاف کئی الزامات عائد کئے۔ 79 سالہ امریندر سنگھ نے اپنی نئی پارٹی پنجاب لوک کانگریس کا اعلان بھی کردیا۔ گزشتہ ہفتے اُنھوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ نئی سیاسی پارٹی بنائیں گے اور پنجاب میں آئندہ سال مقررہ اسمبلی الیکشن کی تمام 117 نشستوں پر لڑیں گے۔امریندر سنگھ وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہونے کے بعد سے بی جے پی کے قریب ہوتے دکھائی دیئے ہیں۔ اُنھوں نے امیت شاہ سے تفصیلی ملاقات بھی کی ہے۔