واشنگٹن/3 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے شمالی کوریا کی جانب سے نئے میزائل تجربات کرنے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری صلاحیت کے خاتمے کے لیے پیانگ یانگ کی پیش رفت انتہائی سست ہے۔ گزشتہ روز ایک امریکی ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے پومپیو نے یقین ظاہر کیا کہ شمالی کوریا کی جانب سے جمعرات کے روز فائر کیے گئے 2 پروجیکٹائل، گزشتہ پروجیکٹائلز ہی کی قسم کے تھے۔ شمالی کوریا نے مذکورہ پروجیکٹائل بحیرہ جاپان کی سمت فائر کیے تھے، جس کے بعد پیانگ یانگ نے ’سپر لارج ملٹی راکٹ لانچر‘ کی کامیاب آزمایش کا اعلان کیا تھا۔ پومپیو نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان نے گزشتہ برس شمالی کوریا کی جوہری صلاحیت کے خاتمے کی کوششوں پر اتفاق کیا تھا۔