امریکہ، افغانستان کو 9 ارب ڈالر جاری کرے: قریشی

   

لندن: وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے پاکستان ہاؤس لندن میں برطانوی پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ افغانستان کی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔دوران خطاب وزیر خارجہ نے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ امریکہ افغانستان کو 9 ارب ڈالر جاری کرے۔شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ پاکستان امدادی سرگرمیوں کا مرکز بننے کے لیے تیار ہے ،افغان عوام کی امداد کے لیے تعاون کررہے ہیں، برطانیہ افغانستان سے رابطہ کرے وہاں انسانی المیہ جنم لینے کو ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اکیلا افغان مسئلے کو حل نہیں کرسکتا ہے۔شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کا کوئی ٹھکانہ نہیں، مغربی میڈیا چاہے تو آکر دیکھ لے، مغرب ہمیں افغانستان بحران کی آڑ میں قربانی کا بکرا بنانا چاہتا ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے 30ارب ڈالر کی ترسیلات زر وطن آئیں،افغانستان کے منجمد اثاثوں کو کھولا جائے، افغان عوام کو آج مالی و انسانی امداد کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ میں ممبران برطانوی پارلیمنٹ سے کہوں گا کہ وہ افغانستان کے مسئلے کو پارلیمنٹ میں ضرور اجاگر کریں۔افغانستان میں جو عدم استحکام آپ کو نظر آ رہا ہے وہ سابق کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے 34صوبوں میں طالبان کو کسی مزاحمت کا سامنا نہ کرنا پڑا۔وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ افغانستان کو تنہا نہ چھوڑے،افغانستان میں ایک انسانی بحران جنم لے رہا ہے اگر اس کا فوری تدارک نہ کیا گیا تو مہاجرین کی یلغار کا سامنا کرنا پڑے گا۔