امریکہ، پاکستان کے بعد دہلی گانجہ کی طلب کا تیسرا شہر

   

دنیا بھر میں گانجہ کا فروغ انتہائی خطرناک، فوری اقدامات ناگزیر
حیدرآباد۔12ستمبر(سیا ست نیوز) دنیا بھر میں گانجہ کی طلب میں اضافہ ہوتا جا رہاہے اور دہلی دنیا بھر میں تیسرا شہر ہے جہاں گانجہ کی کھپت سب سے زیادہ ہے۔ حالیہ عرصہ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ گانجہ کا استعمال امریکی شہر نیویارک میں کیا جاتا ہے جبکہ دوسرے نمبر پر گانجہ کا نشہ کرنے والوں کی اور گانجہ کی کھپت کے اعتبار سے پاکستانی شہر کراچی ہے اور تیسرے نمبر پر ہندستا ن کے دارالحکومت دہلی میں گانجہ کا سب سے زیادہ استعمال کیا جاتا ہے اور دہلی میں گانجہ کی کھپت میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہاہے۔ نشہ آور اشیاء استعمال کرنے والے افراد کی تعداد سے زیادہ منشیات کی کھپت کے معاملہ میں دہلی کو حاصل ہونے والے فروغ کے متعلق کہا جا رہاہے کہ تناؤ کا شکار افراد منشیات کے عادی ہوتے جار ہے ہیں جس کے سبب گانجہ کی کھپت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے۔دنیا کے کن شہروں میں گانجہ سب سے زیادہ کہاں استعمال کیا جاتا ہے اس کا جائزہ لیتے ہوئے تیار کی جانے والی رپورٹ میں کئے گئے انکشاف کے مطابق ہندستان کے دوشہر شامل ہیں جن میں دہلی تیسرے نمبر پر اور ممبئی چھٹویں نمبر پر ہے اس کے علاوہ امریکہ کے تین شہر شامل ہیں جن میں پہلے نمبر پر نیویارک‘ چوتھے نمبر پر لاس اینجلیس اور آٹھویں نمبر پر شکاگو شامل ہیں۔ گانجہ کا استعمال میں دس سرکردہ شہرو ںمیں برطانوی شہر لند ن کا مقام ساتویں نمبر ہیں مصر کے شہر قاہرہ کو گانجہ کے استعمال میں 5واں مقام حاصل ہے۔روسی شہر ماسکو کو گانجہ کے استعمال میں نواں مقام حاصل ہے جبکہ کینیڈین شہر ٹورانٹو گانجہ کے استعمال میں دنیاکے سرکردہ 10 شہروں میں 10ویں نمبر پر ہے۔رپورٹ کے مطابق گانجہ کی قیمت دنیا بھر میں سب سے زیادہ جاپان کے شہر ٹوکیو میں ہے جہاں گانجہ 2ہزار347 روپئے فی گرام فروخت کیا جاتا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ گانجہ کے استعمال میں ہونے والے اضافہ کی بنیادی وجہ ذہنی تناؤ ہے اور ذہنی تناؤ میں مبتلاء افراد کے علاوہ تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے نام پر گانجہ کے استعمال کو فروغ دیا جانے لگا ہے جو کہ انتہائی خطرناک رجحان ہے اور اس رجحان کے فروغ کو روکنے کے لئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔